LIVE

نواز، زرداری کا پیچھا چھوڑ کر پرانا پاکستان ٹھیک کردیں، آفریدی کا وزیراعظم کو مشورہ

ویب ڈیسک
May 21, 2021
 

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی  کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ  وزیراعظم عمران خان کو آصف زرداری اور نواز شریف کا پیچھا چھوڑنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل  انٹرویو میں سابق کپتان شاہد آفریدی کو  عمران خان سے متعلق گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے ۔

 انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران بھائی جب وزیراعظم نہیں تھے تب وہ جو بات کرتے تھے ساری قوم کھڑی ہوجاتی تھی اب وہ وضاحتیں بہت دیتے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران بھائی کو چاہیے کہ  اب وہ زرداری اور نواز شریف کو چھوڑدیں، 2 ڈھائی سال سے وہ جہاں جاتے ہیں ان ہی کے پیچھے پڑے رہتے ہیں۔

سابق کپتان کاکہنا تھا کہ کہیں بھی کوئی افتتاح کرتے ہوئے میں نے اُن کو جب بھی سنا ہے وہ زرداری نواز شریف ہی کہتے ہیں، پچھلی حکومتوں نے جو کچھ کیا آپ اسے چھوڑدیں، یہ دیکھیں کہ آپ کیا کررہے ہیں، اللہ نے آپ کو موقع دیا ہے آپ کرکے دکھائیں اور آپ تبدیلی لے کر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ جس کے لیے ہم نے 2013 میں انہیں ووٹ دیا ہے وہ تبدیلی لے کر آئیں، جو پرانا پاکستان ہے اس کو ٹھیک کردی۔