LIVE

کراچی کے 80 سالہ بزرگ نے قرآن پاک سے لگاؤ کی خوبصورت مثال قائم کردی

کشمالہ نجیب
May 24, 2021
 

کراچی کے علاقے کورنگی کے رہائشی 80 سالہ بزرگ مشتاق احمد نے قرآن پاک سے لگاؤ کی مثال قائم کردی۔

جیو نیوز کے مطابق  مشتاق احمد نے 26 سال میں اپنے ہاتھوں سے جیو میٹریکل رسم الخط میں خوبصورتی سے قرآن پاک تحریر کیا ہے۔

80 سالہ مشتاق احمد کا آبائی تعلق پنجاب کے شہر جھنگ سے ہے اور انہوں نے 10 جماعتوں تک تعلیم حاصل کی ہے، مشتاق احمد کو قرآن وحدیث سے بے حد لگاؤ ہے یہی وجہ ہے کہ 1992 میں مشتاق احمد نے پینسل اور اسکیل کی مدد سے اپنے ہاتھوں سے جیومیٹریکل رسم الخط کے طرز کا قرآن لکھنا شروع کیا اور 2018 میں مکمل کرلیا۔

 مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ قرآن پاک کو ملئیشین کاغذ پر لکھا گیا ہے جب کہ اسے خوبصورت بنانے کے لیےو اٹر کلر کا استعمال کیا گیا ہے۔

 مشتاق احمد کے مطابق جیومیٹریکل رسم الخط کا یہ قرآن 60 جلدوں پر مشتمل ہے جس کی تیاری میں ان کے بیٹے محمد علی نے  ان کی مدد کی۔

جیو نیوز سے گفتگو کے دوران مشتاق احمد نے وزیراعظم سے اپنا قرآن کا نسخہ مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ میں رکھوانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔