LIVE

کورونا پابندیوں سے بچنےکیلئے دولہے نے پورا جہاز بُک کروا لیا

ویب ڈیسک
May 24, 2021
 

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

شادی کے پرمسرت موقعے پر ہر کوئی چاہتا ہے کہ اس کی تقریبات پر دوست احباب سمیت رشتہ دار رونق میلہ لگائیں تاہم آج کل کوویڈ کی سنگین صورتحال کے سبب بھارت کے کئی علاقوں میں کرفیو لگا ہوا ہے اور تقریبات میں مہمانوں کی تعداد انتہائی محدود رکھی جارہی ہے۔

ایسے میں بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر مدورائی سے تعلق رکھنے والے جوڑے نے ایسا حیران کن قدم اٹھایا کہ متعدد لوگوں کو سن کر یقین ہی نہیں آسکا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تامل ناڈو میں کرفیو کے باعث دولہے راکیش کے والد نے مدورائی سے بنگلور تک دو گھنٹے کیلئے جہاز کرائے پر لیا اور اپنے 161 رشتہ داروں کے ساتھ بیٹے کی شادی کی تقریب مکمل کی۔

دولہا راکیش اور دلہن دکشنا۔ فوٹو: بھارتی میڈیا

رپورٹ کے مطابق جہاز نے جیسے ہی ٹیک آف کیا ویسے ہی ان کی شادی کی رسومات کا آغاز ہوگیا اور جب یہ لینڈ ہوا اس وقت تک دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکے تھے۔

جہاز میں موجود تمام افراد کے پاس کوویڈ ٹیسٹ کی رپورٹس موجود تھیں جو کہ منفی تھیں۔

اس انوکھی شادی کی ویڈیو مائیکر و بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارف کی جانب سے شیئر کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں  دولہا راکیش اور دلہن دکشنا کو دیکھا جاسکتا ہے جس میں دولہا ہندو رسم کے تحت دلہن کو منگل سوتر پہنا رہا ہے، اس موقع پر ارد گرد ان کے رشتہ دار بھی موجود ہیں۔