LIVE

سعودیہ جانیوالے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو بھی ایسٹرا زینیکا لگانے کا اعلان

ویب ڈیسک
June 15, 2021
 

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سعودی عرب جانے والے 18 سال سے زائد عمر کےافراد کو بھی ایسٹرا زینیکا ویکسین لگانے کا اعلان کردیا۔

جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ سعودی عرب نے ایسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین کی منظوری دی ہے لہٰذا سعودی عرب مزدوری کیلئے جانے والے اپنی دستاویزات دکھا کر ایسٹرازینیکا ویکسین لگواسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج سے سعودی عرب جانے والے 18 سے زیادہ عمر کے لوگ ایسٹرا زینیکا لگواسکیں گے اس کے لیے انہیں اپنی دستاویزات دکھانا ہوں گی، اگر کسی گاؤں دیہات میں ایسٹرا زینیکا دستیاب نہیں تو لوگ بڑے شہروں سے ویکسین لگوائیں۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او اپنی منظورشدہ ویکسین دنیا میں تسلیم کرانے کو یقینی بنائے، ڈبلیو ایچ او کی منظورشدہ ویکسین کے حوالے سے سعودیہ سے گفتگو جاری ہے، سائنوویک اور سائنو فام سعودی عرب کی منظورشدہ ویکسین فہرست میں شامل نہیں۔