LIVE

خواتین سے متعلق وزیراعظم کے بیان پر صدمہ ہوا، شیری رحمان

ویب ڈیسک
June 21, 2021
 

وزیراعظم عمران خان کے خواتین کے لباس کے بارے میں بیان پر پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کسی مرد کو یہ حق نہیں کہ وہ خواتین کے خلاف جنسی تشدد اور جرائم کا الزام خواتین یا اُن کے لباس پر عائد کرے۔

اپنے بیان میں شیری رحمان کا کہنا تھاکہ صدمہ ہوا ہے کہ ہمارے وزیراعظم نے ایسا کیا، کیا عمران خان نہیں جانتے کہ ایسا کہہ کر اُنہوں نے خواتین پر ظلم کرنے والوں کو اپنے جرائم کے جواز کیلئے نیا بیانیہ فراہم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی وزیر اعظم کیلئے اس طرح کی بات کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے،  وزیر اعظم کا یہ بیان انتہائی غیر ذمے دارانہ اور قابلِ مذمت ہے۔ 

خیال رہے کہ امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے پاس یہاں ڈسکو یا نائٹ کلب نہیں ہیں، یہ ایک مکمل طور پر مختلف معاشرہ ہے، جب آپ لوگوں کو اکسائیں گے تو ان نوجوانوں کے پاس جانے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہو گی تو پھر اس کے نتائج ہوں گے۔

خواتین پر جنسی تشدد سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں ہے، اگر عورت کپڑے کم پہنے گی تو اس کا اثر تو ہو گا۔