LIVE

مردوں کو فلک جیسا ہونا چاہیے: سارہ خان

ویب ڈیسک
July 17, 2021
 

فوٹوبشکریہ انسٹاگرام

اداکارہ سارہ خان کا کہنا ہے کہ جس دن انہیں فلک کے پھول نہ ملے وہ دن ہی نامکمل سا لگتا ہے لہٰذا مردوں کو فلک جیسا ہونا چاہیے۔

کچھ ماہ قبل برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ سارہ خان نے اپنے مختلف پراجیکٹس سمیت خوشگوار ازدواجی زندگی سے متعلق بھی گفتگو کی تھی جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔

انٹرویو کے دوران سارہ کا کہناتھا کہ ماشاء اللہ میں فلک کے ساتھ بہت خوش ہوں اور وہ بہت اچھے بھی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ فلک کا مجھے پھول دینا ان کے پیار کے اظہار کا ایک طریقہ ہے اور ہم اپنے ہر اچھے لمحے اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ میں چاہتی ہوں لوگ فلک کا پیار بھی دیکھیں۔

سارہ خان کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ مردوں کا برا ہی روپ ہی دنیا کو دکھا رہے ہوتے ہیں لیکن دنیا میں فلک جیسے آدمی بھی ہوتے ہیں جو بہت اچھے ہوتے ہیں اور اپنی بیویوں سے اتنا پیار کرتے ہیں اسی لیے جب فلک مجھے پھول دیتے وقت ویڈیو بناتے ہیں تو میں چاہتی ہوں لوگ دیکھیں کہ وہ مجھ سے اپنے پیار کا اظہار کس طرح سے کرتے ہیں، مردوں کو ایسا ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ وہ ایک پھول ہے لیکن میرے لیے وہ خاصا اہم ہے اور جب فلک وہ پھول لاتے ہیں تو میرا پورا دن اچھا ہوجاتا ہے اور اس پھول کے بغیر مجھے لگتا ہے آج دن نامکمل سا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز شوبز کی مقبول جوڑی نے اپنی شادی کی پہلی سالگرہ منائی اور اس موقع گلوکار فلک شبیر کا نیا گانا زندگی بھی ریلیز کیا گیا ہے۔