LIVE

الاسکا کے جزیرے پر 8.2 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

ویب ڈیسک
July 29, 2021
 

فائل فوٹو

امریکی ریاست الاسکا کے جزیرے پر شدید زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق الاسکا کے جزیرے پر 8.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد امریکی جیولوجیکل سروے نے بحرالکاہل میں سونامی کی وارننگ جاری کردی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ جمعرات کے روز رات 10 بجکر 15 منٹ پر آیا جس کی گہرائی 35 کلو میٹر تھی۔

جزیرے پر شدید زلزلے کے بعد الاسکا نیشنل سونامی وارننگ سینٹر نے بھی ریاست کے جنوبی حصوں، جزیرے اور بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں میں وارننگ جاری کی۔

اس کے علاوہ سونامی وارننگ سینٹر نے امریکی ریاست ہوائی کے لیے بھی سونامی کی وارننگ جاری کی تھی جسے بعد میں ختم کردیا گیا۔

سونامی وارننگ سینٹر کا کہنا ہےکہ دستیاب ڈیٹا کی بنیاد پر زلزلے کے نتیجے میں سونامی کا خدشہ ہے جو ساحلی علاقے میں تباہی پھیلا سکتا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہےکہ وہ اس بات کو بھی زیر غور لارہے ہیں کہ سونامی امریکا اور کینیڈا کے ساحلی علاقوں کے لیے کس حد تک خطرناک ہوسکتا ہے۔

جیولوجیکل سروے کے مطابق الاسکا کے جزیرے پر زلزلے کے بعد علاقے میں 8 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت 6.0 تھی۔

علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق الاسکا کے جزیرے پر شدید زلزلے کے بعد جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی نے بھی اپنے ملک میں سونامی کے خدشے کے پیش نظر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

نیوزی لینڈ کے حکام کا کہنا ہےکہ وہ بھی اپنے ساحلی علاقے میں سونامی کے حوالے سے معلومات اکٹھی کررہے ہیں۔