LIVE

نو عمر انسٹاگرام صارفین کے اکاؤنٹ میں تبدیلی

ویب ڈیسک
July 29, 2021
 

اکاؤنٹ پرائیوٹ ہونے کی وجہ سے صارف کی جانب سے منتخب شدہ فالورز کو ہی لائک اور کمنٹس کرنے کا اختیار ہوگا —فوٹو: فائل

مقبول سوشل میڈیا ایپلیکیشن انسٹاگرام نے  16 سال سے کم عمر صارفین کے  انسٹا گرام اکاؤنٹ کو  پرائیوٹ کرنے کا اعلان کردیا۔

اکاؤنٹ پرائیوٹ ہونے کی وجہ سے  صارف کی جانب سے   منتخب شدہ فالورز کو ہی لائک اور کمنٹس کرنے کا اختیار ہوگا۔

اس سے قبل انسٹاگرام  پر  تمام صارفین کے اکاؤنٹس پہلے سے  ہی  پبلک  ہو تےتھے اور صارف اپنی مرضی سے اپنا اکاؤنٹ پرائیوٹ کرسکتا تھا۔

لیکن  اب 16 سال سے کم عمر  انسٹاگرام استعمال کرنے والے صارفین کا اکاؤنٹ خود بخود ہی  پرائیوٹ ہو جائےگا۔

انسٹاگرام کے  ترجمان کا کہنا ہے ہم نے نوجوانوں کو  پرائیوٹ اور پبلک اکاؤنٹ  میں سے ایک منتخب کرنے کو کہا ، ہماری تحقیق کے مطابق  نوجوانوں نے  پرائیوٹ اکاؤنٹ کے استعمال کو زیادہ پسند کیا۔

انسٹاگرام کی جانب سے  نوعمر صارفین  کے تحفظ کیلئے متعدد  اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ اس سے قبل  انسٹاگرام نے   اعلان کیا تھا کہ  نوعمر صارفین کو صرف وہ لوگ ہی میسج کر سکتے ہیں  جنہیں وہ فالو کرتے ہیں۔