LIVE

کابل کی فتح کے بعد طالبان نے رابطہ کیا ہے: پاکستانی سفیر برائے افغانستان

ویب ڈیسک
August 19, 2021
 

کابل میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان کا کہنا ہےکہ کابل کی فتح کے بعد طالبان نے رابطہ کیا ہے، پاکستانی حکومت نے فیصلہ کیا  ہے کہ افغانستان اور عالمی برادری کو سہولت دیں گے۔

جیو نیوز سےکابل میں گفتگو کرتے ہوئے منصوراحمد خان کا کہنا تھا کہ طالبان سے رابطہ ہوا ہے، ہم ان کے ساتھ دوحہ امن عمل میں بھی انگیج تھے ، قطرمیں ملا عبدالغنی برادر اور دیگر سے بات چیت ہوئی تھی  اور عبداللہ عبداللہ کی سربراہی میں افغان وفد سے بھی ہماری بات ہوئی تھی۔

پاکستانی سفیرکا کہنا تھا کہ طالبان رہنما کابل آچکے ہیں اور کچھ قندھار میں ہیں ، پاکستانی حکومت نے فیصلہ کیا کہ افغانستان اور عالمی برادری کو سہولت دیں گے۔

منصور احمد خان کا کہنا تھا کہ  افغانستان سے پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں سے اور بذریعہ سڑک واپس لے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی تنظیموں کے ساتھ کام کرنے والے افغانوں کو بھی ویزے دیے ہیں، پاکستانی مشن اب تک 3 ہزار 600 ويزے جاری کرچکا ہے ۔