LIVE

معروف بھارتی اداکار کی گاڑی سے ٹکرا کر ایک شخص ہلاک

ویب ڈیسک
September 09, 2021
 

اداکار زخمی شخص کو اسپتال لے گئے اور پھر ڈی این نگر پولیس اسٹیشن میں واقعے کے بارے میں آن ڈیوٹی پولیس افسر کو آگاہ کیا__فوٹو فائل

بھارت کے معروف اداکار اور ٹی وی پروڈیوسر  رجَت بیدی کی گاڑی سے ٹکرانے والا مزدور گزشتہ روز اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجیش بودھ نامی مزدور پیر کے روز نشے کی حالت میں سڑک پار کرتے ہوئے اچانک رجت بیدی کی گاڑی کے سامنے آگیا جس کے بعد اسے زخمی حالت میں ممبئی کے کوپر اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ اداکار زخمی شخص کو اسپتال لے گئے اور پھر ڈی این نگر  پولیس اسٹیشن میں واقعے کے بارے میں آن ڈیوٹی پولیس افسر کو آگاہ کیا۔

پولیس کی جانب سے رجت بیدی کے خلاف دفعات 279 (جلد باز ی میں ڈرائیونگ) اور 338 (دوسروں کی زندگی کو خطرے سے دوچار کرنا یا خود کو نقصان پہنچانا) کے تحت مقدمہ درج کرلیا تاہم اداکار کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ رجت بیدی نے جن مقبول فلموں میں معاون کردار ادا کیا ان میں ہریتھک روشن کی 'کوئی مِل گیا' اور سلمان خان کی فلم 'پارٹنر' شامل ہیں۔