LIVE

اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

ویب ڈیسک
September 10, 2021
 

عدالت نے دونوں کو 6 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا ہے: فائل فوٹو

لاہور کی مقامی عدالت نے مسجد وزیر خان میں شوٹنگ اور ویڈیو بنانے کے مقدمے میں اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔

دو روز قبل عدالت نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے پیش نہ ہونے پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کی درخواست پر فیصلہ جاری کردیا۔ 

عدالت نے صبا قمر اور بلال سعید کی جانب سے 30 ہزار روپے کے شورٹی بانڈز جمع کرانے پر ورانٹ گرفتاری منسوخ کیے۔ 

عدالت نے دونوں کو 6 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ صبا قمر اور اداکار بلال سعید کے البم کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں فنکار لاہور کی مسجد وزیر خان میں موجود تھے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور تھانہ اکبری گیٹ میں دفعہ 295 کے تحت دونوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا گیا ہے۔