LIVE

’انیل کپور جوان رہنے کیلئے سانپ کا خون پیتے ہیں‘، تبصرے سن کر اداکار کا زوردار قہقہہ

ویب ڈیسک
September 16, 2021
 

ارباز خان کے اس ویب شو میں ایک سیگمنٹ کے دوران انیل کپور کے مداحوں نے ان کی فٹنس کی تعریف کی__فوٹو فائل 

بالی وڈ کے سدا بہار اداکار انیل کپور کے حوالے سے یہ خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ شاید وہ جوان رہنے کیلئے سانپ کا خون پیتے ہیں۔

انیل کپور حال ہی میں اداکار ارباز خان کے شو 'پِنچ بائے ارباز خان سیزن 2' کے مہمان بنے جہاں انہیں مداحوں کی رائے کے بارے میں آگاہ کیا گیا، اس کے علاوہ انہیں سوشل میڈیا ٹرولز بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

ارباز خان کے اس ویب شو میں ایک سیگمنٹ کے دوران انیل کپور کے مداحوں نے ان کی جوانی کی تعریف کی۔ ایک مداح نے خیال ظاہر کیا کہ شاید انیل کپور سدا جوان رہنے کیلئے سانپ کا خون پیتے ہیں۔

ایک اور خاتون مداح نے کہا کہ شاید انیل کپور اپنے گھر میں پلاسٹک سرجن کے ساتھ ہی رہتے ہیں۔

خود سے متعلق لوگوں کی رائے جاننے کے بعد انیل کپور نے ایک زوردار قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ 'کیا آپ لوگوں نے انہیں پیسے دے کر یہ سب کہلوایا ہے؟'

ارباز خان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ 'یہ عام لوگ ہیں، انہیں پیسے نہیں دیے گئے'۔

واضح رہے بالی وڈ کی متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے انیل کپور اس وقت 64 برس کے ہیں اور ان کی فٹنس کو مداح کافی سراہتے ہیں۔