LIVE

'ہنسانے والا رلا گیا'، عمر شریف کے انتقال پر پاکستانی شوبز انڈسٹری میں سوگ

ویب ڈیسک
October 02, 2021
 

پاکستان کے معروف اداکار اورکامیڈین عمر شریف کے انتقال پر پاکستانی شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔

سینیئر اداکار جاوید شیخ کا کہنا ہےکہ ان کی حال ہی میں عمر شریف سے اسپتال میں ملاقات ہوئی تھی، ملاقات کے وقت عمر شریف کافی خوش لگ رہے تھے۔

جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ میرا اور عمر شریف کا ساتھ 40 سال رہا، عمر شریف جیسا انسان شاید ہی پاکستان کی انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں کبھی آئے۔

اداکارہ میرا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ عمرشریف سے کراچی میں اسپتال میں ملاقات کرنا چاہتی تھی،عمرشریف دل کے بادشاہ تھے، ان کی سوچ بڑی تھی، پوری دنیا گھومی ہے، عمرشریف جیسے لوگ بہت کم ہوتے ہیں۔

اداکارہ عتیقہ اوڈھو کا کہنا ہے کہ عمرشریف نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا، عمرشریف اور معین اختر نے صرف اداکاری ہی نہیں انسانیت بھی سکھائی، برے وقت میں بہت سے لوگوں نے میرا ساتھ چھوڑ دیا، مگر عمرشریف نےساتھ دیا۔

اداکار ہمایوں سعید نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ عمر شریف کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا، وہ بلا شبہ کامیڈی کنگ تھا، اللہ ان کی روح کو سلامت رکھے، ہم آپ کو یاد کریں گے ،عمر بھائی۔

ادکارہ سونیا حسین کا کہنا ہےکہ مجھے وہ دن یاد ہے جب ہم پہلی بار ملے تھے، میں انڈسٹری میں نئی تھی اور اس وجہ سے تھوڑا گھبرائی ہوئی تھی، ایک بار ہم دونوں کو ایک ہی شو میں مدعو کیا گیا تھا، وہ میرے پاس آئے اور ہنستے ہوئےکہا 'بیٹا چھوٹے سے کیمرے سے مت گبھراؤ ، اپنے ٹیلنٹ کو اتنا مضبوط کرلو کہ کیمرہ تمہاری پرفارمنس کو دیکھ کر تھر تھر کانپے'۔

فوٹو: اسکرین گریب

معروف گلوکار علی ظفر نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ عمر شریف صاحب کے انتقال پر کچھ کہنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں،  اللہ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔

گلوکار اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق نےکہا ہےکہ 'ہمیں ہنسانے والا آج ہمیں رلا کر چلاگیا، عمر شریف کی حب الوطنی اور انسان دوستی کو نہیں بھلایا جا سکتا'۔

اداکارہ ماہرہ خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ' آپ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہنسانےکے لیے شکریہ'۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ماضی کی معروف اداکارہ بابرہ شریف کا کہنا تھا کہ عمر شریف نے لوگوں کے روزگار کا انتظام کیا تھا،ان جیسا انسان صدیوں میں پیدا ہوتا ہے، عمر شریف ہمارے لیے جو کرتے تھے شاید ہی ملک کا سربراہ کرے، عمر شریف کہتے تھے کہ  بابرہ شریف اورعمر شریف کے نام سے ایک فلم آنی چاہیے۔

معروف اسٹیج اداکار شکیل صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم نے جو بھی سیکھا عمر شریف سے سیکھا ہے، عمر شریف کے لیے جو بھی کہا جائے وہ کم ہے، دنیا میں اسٹیج کو روشناس کرانے میں عمرشریف کا ہاتھ ہے، عمرشریف کی وجہ سے بہت سے اداکاروں کو دنیا میں پہچان ملی۔

شکیل صدیقی کا کہنا تھا کہ جب تک کامیڈی رہےگی عمر شریف کی نقل ہوتی رہے گی، عمر شریف کام کے معاملے میں بہت سخت تھے، بھارت میں جتنے بھی کامیڈین ہیں سب عمرشریف کو استاد مانتے ہیں، حکومت سے اپیل ہےکہ ان کی والدہ کے نام پر عمر شریف کا اسپتال بنانےکا مشن پورا کیا جائے۔

اسٹیج کے معروف اداکار سلیم آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک میں کامیڈی کے موجد عمر شریف ہیں، تمام کامیڈین غم میں ہیں، عمر شریف کا والدہ سےخاص رشتہ تھا، ان کے نام پر اسپتال بنا رہے تھے۔

سینیئر اداکار  توقیر ناصر کا کہنا تھا کہ عمرشریف ایک عظیم آدمی تھے،عمرشریف کا انتقال ملک کا نقصان ہے،عمر شریف نے دنیا بھر میں پاکستان کانام روشن کیا،عمر شریف سے سیکڑوں بار ملا کبھی اداس نہیں دیکھا۔

اداکار شفقت چیمہ کا کہنا تھا کہ عمر شریف کا خلا اور کوئی پُر نہیں کرسکتا، عمر شریف کی یادیں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گی، اللہ عمر شریف کو جنت الفردوس میں اعلیٰ جگہ عطا فرمائے۔

اداکارہ ریشم کا کہنا ہےکہ عمر شریف بڑے فنکار تھے،ان کی شان میں الفاظ چھوٹے پڑ جاتے ہیں، عمرشریف بے پناہ صلاحیتوں کے مالک تھے، دنیا کوعمر شریف کے قدموں میں بیٹھتے دیکھا ہے، عمرشریف کا کام اور ان کی محبت ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہےگی۔

اداکار احسن خان نے عمرشریف کےانتقال پرگہرےدکھ کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ عمر شریف نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا، عمر شریف نے انڈسٹری کے لیے بہت کام کیا۔

اداکارہ سلومی کا کہنا تھا کہ ان کی عمرشریف کے ساتھ بہت یادیں وابستہ ہیں، عمر شریف کے ساتھ اچھا وقت گزرا، عمر شریف نے ہمیشہ مستحق لوگوں کی مدد کی۔