LIVE

’آریان منشیات بھی استعمال کرسکتا ہے‘، شاہ رخ کی پرانی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک
October 05, 2021
 

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پر اداکار کی آریان کے حوالے سے ایک پرانی ویڈیو وائرل ہے۔

ویڈیو کلپ میں شاہ رخ کے ہمراہ ان کی اہلیہ گوری خان کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ 

انٹرویو کے دوران میزبان نےشاہ رخ سے ان کے بیٹے آریان کے حوالے سے سوال کیا جس کے جواب میں اداکار نے کہا کہ جب آریان 3 یا 4 سال کا ہوگا تو وہ لڑکیوں کے پیچھے بھاگ سکتا ہے۔

شاہ رخ نے یہ بھی کہا کہ آریان منشیات کا استعمال بھی کرسکتا ہے، اسے زندگی کا آغاز جلدی کرنا چاہیے اور زندگی کو بھرپور انجوائے کرنا چاہیے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے کو وہ سب چیزیں کرنی چاہئیں جو میں نہیں کرسکا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین شاہ رخ خان پر سخت تنقید کررہے ہیں اور صارفین تربیت سے متعلق اداکار کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

کچھ صارفین یہ بھی خیال ظاہر کررہے ہیں کہ اداکار نے یہ بات محض مذاق میں کی ہوگی۔

خیال رہے کہ آریان خان کو 3 اکتوبر کو منشیات کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور 4 اکتوبر کو انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے آریان کو 7 اکتوبر تک نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے حوالے کردیا۔

بھارتی این سی بی نے ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مارا تھا جس میں منشیات برآمد ہوئی تھیں، آریان خان اپنے دوستوں کے ہمراہ اس شپ پر موجود تھے۔