LIVE

سندھ کے تعلیمی بورڈز مالی بحران کا شکار ، امتحانی نتائج کی تیاری متاثر ہونےکا خدشہ

ویب ڈیسک
October 10, 2021
 

سندھ کے تعلیمی بورڈز میں مالی بحران شدت اختیار کرگیا ہے جس کے باعث بورڈ ملازمین کو تنخواہیں دینا بھی مشکل ہوگیا ہے۔

میرپورخاص ، حیدرآباد اور لاڑکانہ سکھر بورڈ میں تنخواہیں دینے کے پیسے بھی نہیں رہے، رواں ماہ بھی میرپورخاص بورڈ نے ملازمین کو تنخواہیں ایک ہفتہ تاخیر سے جاری کیں جب کہ دیگر بورڈز نے اپنے جنرل اکاؤنٹس میں رقم نہ ہونے کی وجہ سے سیونگ اکاؤنٹس سے ملازمین کی تنخواہیں ادا کیں۔

میٹرک بورڈ اور انٹر بورڈ کراچی کے مالی حالات بھی زیادہ اچھے نہیں، دو ماہ بعد ان دونوں بورڈز میں بھی ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کے لیے رقم موجود نہیں ہوگی۔

 مالی حالات اور تنخواہوں میں تاخیر کی وجہ سے بورڈز ملازمین 11 اکتوبر سے احتجاج کریں گے،  آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کے مطابق تنخواہوں کے لیے رقم نہ  آئی توکام کا بائیکاٹ کریں گے۔

 بورڈز چیئرمینز  نے جیو نیوز کو  بتایا کہ حکومت نے ادائیگی نہ کی تو نتائج تیاری کا کام رک جائے گا، نتائج تیاری کا کام رکا تو انٹر کے نتائج کا اعلان نہیں ہوسکے گا،حکومت ادائیگی نہیں کرسکتی تو مفت تعلیم کا اعلان واپس لے لے، تعلیمی بورڈز خود کفیل ادارے تھے حکومت سندھ نے دیوالیہ کردیا۔