LIVE

آئی ایس آئی چیف کیلئے 3 سے 5 نام آئیں گے، وزیراعظم نئے ڈی جی کی منظوری دیں گے، عامر ڈوگر

ویب ڈیسک
October 12, 2021
 

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور و قومی اسمبلی میں چیف وہب عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ وزیراعظم چاہتے تھے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کچھ ماہ عہدے پر رہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر کا کہنا تھاکہ وزیراعظم افغان صورتحال کی وجہ سے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمیدکو رکھنا چاہتے تھے،  وزیراعظم کا کہناتھاکہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اچھے پیشہ ور سپاہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت تمام اداروں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، وزیراعظم کی باڈی لینگویج مثبت تھی اور وہ پُراعتماد تھے۔

عامر ڈوگر کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نےکابینہ میں کہاکہ آرمی چیف کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں۔

ان کا مزید کہناتھاکہ ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے 3 سے 5 نام آئیں گے، ان 3 سے 5 ناموں میں سے وزیراعظم نئےڈی جی آئی ایس آئی کی منظوری دیں گے۔

عامر ڈوگر کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میری کوئی انا نہیں ہے، وہ ملک کے چیف ایگزیکیٹواور عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور آرمی چیف اور اس آفس کی بھی ایک عزت اوراحترام ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ گزشتہ شب وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طویل نشست ہوئی، نئے ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کیلئے قانونی طریقہ کار اپنایا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ رات کو وزیراعظم اور آرمی چیف کی طویل نشست ہوئی، وزیراعظم اور آرمی چیف کے بہت قریبی تعلقات ہیں، کبھی بھی وزیراعظم آفس ایسا قدم نہیں اٹھائےگا جس سے فوج یا سپہ سالار کی عزت میں کمی ہو اور نہ فوج ایسا قدم اٹھائے گی جس سے وزیراعظم یا سول سیٹ اپ کی عزت میں کمی آئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے قانونی طریقہ کار اپنایا جائےگا، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کیلئے تمام آئینی اور قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔