LIVE

استعفے کی خبروں میں صداقت نہیں، پروپیگنڈے میں چند لوگ ملوث ہیں: جام کمال

ویب ڈیسک
October 14, 2021
 

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے ان کے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ)کے صدر کی حیثیت سے استعفیٰ دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، ایسا پروپیگنڈا کرنے میں چند افراد ملوث ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ وہ بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے صدر  ہیں، 11 اکتوبر کو باپ کے جنرل سیکرٹری کے خط کی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

جام کمال نے کہا کہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری کا اختیار نہیں کہ صدر کی موجودگی میں کسی کو قائم مقام پارٹی صدر منتخب کرے۔

دوسر ی جانب ترجمان بلوچستان عوامی پارٹی کا کہنا ہے کہ جام کمال پارٹی معاملات پر بیان بازیوں سے گریز کریں، بہت جلد اُن کا استعفیٰ آجائے گا، پارٹی جام کمال کے بعد بھی متحد ہے۔