LIVE

احتجاج پر پنجاب حکومت کی حکمت عملی کیا ہوگی؟ وزیراعظم کل بزدار سے ملیں گے

ویب ڈیسک
October 21, 2021
 

اپوزیشن کے احتجاج پر پنجاب حکومت کی حکمت عملی کیا ہوگی؟ وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر لاہور جائیں گے۔

 وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جمعے کو ون آن ون ملاقات ہوگی، اپوزیشن کےاحتجاج سے متعلق پنجاب حکومت کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے کل نماز جمعہ کے بعد سے مظاہروں کے آغاز کا اعلان کردیا ہے۔

پی ڈی ایم نے کل ملک بھر میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

پی ڈی ایم کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق لاہور میں جین مندر چوک سے سہ پہر 3 بجے احتجاجی جلوس نکالاجائےگا۔

کراچی ایمپریس مارکیٹ پر نماز جمعہ کے بعد 3 بجے مظاہرہ ہوگا۔ پشاور، سوات، شانگلہ اور خیبرپختونخوا کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

اس کے علاوہ میانوالی اور بھکر میں 24 اکتوبر کو احتجاج ہوگا۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی تصدیق کی ہے کہ نماز جمعہ کے بعد لاہور، کراچی، پشاور، سوات، شانگلہ سمیت دیگر شہروں میں مظاہرے کیے جائیں گے۔