LIVE

پاکستانی شائقین حارث رؤف سے معافیاں مانگنے لگے

ویب ڈیسک
October 26, 2021
 

حارث رؤف کی قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شمولیت پر پاکستانی شائقین کرکٹ زیادہ خوش نہیں تھے اور انہیں رن دینے کی مشین قرار دے رہے تھے— فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شمولیت پر پاکستانی شائقین کرکٹ زیادہ خوش نہیں تھے اور انہیں رن دینے کی مشین قرار دے رہے تھے۔

پاکستانی شائقین کی رائے اس وقت درست دکھائی دی جب ورلڈ ٹی ٹوئنٹی وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف حارث رؤف نے 4 اوورز میں 32 رنز دیے اور جنوبی افریقا کے خلاف 3 اوورز میں 33 رنز دے دیے۔

وارم اپ میچز کے بعد شائقین کرکٹ حارث رؤف پر خوب تنقید کررہے تھے لیکن سپر 12 مرحلے میں بھارت کے خلاف پہلے میچ میں اور آج نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے میچ میں شاندار بولنگ کرکے حارث نے اپنا انتخاب درست ثابت کردیا۔

بھارت کیخلاف حارث رؤف نے 4 اوورز میں 25 رنز دیے اور ہاردک پانڈیا کی اہم وکٹ حاصل کی۔ اس کے علاوہ اننگز کا آخری اوور بھی بخوبی کرایا۔

آج نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں بھی حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

حارث رؤف نے 4 وکٹوں پر صرف 22 رنز دیے اور 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس پرفارمنس کے بعد پاکستانی شائقین کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہوگیا اور سوشل میڈیا پر وہ حارث رؤف سے معافی مانگتے ہوئے نظر آئے۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے مزاحیہ انداز میں حارث رؤف پر کی جانے والی تنقید کا مداوا کیا جن میں سے کچھ یہ ہیں۔