LIVE

بھارت، نیوزی لینڈ یا افغانستان؟ کون سیمی فائنل میں جائے گا؟

محمد خالد حسین
November 03, 2021
 

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو شکست دے کر تیسری پوزیشن مستحکم کرلی ہے جبکہ بھارت نے افغانستان کو بڑے مارجن سے شکست دے کر اپنا رن ریٹ بہتر کرلیا ہے۔

گروپ 2 میں پاکستان 4 میچز کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے۔

افغانستان 4 میچز میں دو فتوحات کے ساتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ 3 میچز میں دو کامیابیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان رن ریٹ کا فرق ہے۔

نمیبیا 3 میچز کے بعد ایک کامیابی کے ساتھ پانچویں، بھارت 3 میچز میں 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور اسکاٹ لینڈ 3 میچز میں صفر پوائنٹ کے بعد چھٹے اور آخری نمبر پر ہے۔

بھارت اور افغانستان کے درمیان میچ آج ابوظبی میں ہوا اور شکست کے بعد بھی افغانستان دوسری پوزیشن پر  ہے کیوں کہ نیوزی لینڈ کے مقابلے میں اس کا رن ریٹ زیادہ ہے۔

نیوزی لینڈ کے ابھی دو میچز باقی ہیں، 5 نومبر کو نمیبیا اور 7 نومبر کو اسے افغانستان سے نبرد آزما ہونا ہے۔ اگر نیوزی لینڈ یہ دونوں میچز جیت لے تو وہ گروپ 2 سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم ہوگی۔

اس کے علاوہ بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے نہ صرف اب اپنے بقیہ دو میچز، اسکاٹ لینڈ سے 5 نومبر اور نمیبیا سے 8 نومبر، جیتنے ہوں گے بلکہ یہ دعا بھی کرنی ہوگی کہ نیوزی لینڈ افغانستان کو ہرائے اور نمیبیا سے ہار جائے اس کے بعد بھی معاملہ رن ریٹ پر جائے گا۔ آج اگر بھارت افغانستان سے ہارتا تو ورلڈ کپ سے باہر ہوجاتا۔

سیمی فائنل کی دوڑ میں افغانستان بھی ہے جس کا اب صرف ایک میچ باقی ہے اور وہ نیوزی لینڈ سے ہے۔ نیوزی لینڈ سے شکست کی صورت میں افغان ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔

افغانستان اگر نیوزی لینڈ کو ہرادیتا ہے اور کیویز نمیبیا سے بھی ہار  جاتے ہیں پلس بھارت اپنے اگلے دو میچز میں سے ایک ہار جاتا ہے  تو افغانستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

اسی طرح اگر افغانستان نیوزی لینڈ سے جیت جاتا ہے لیکن نیوزی لینڈ نمیبیا سے جیت جاتا ہے اور بھارت بھی اپنے دو میچز جیت لیتا ہے تو ان تینوں ٹیموں کے 6۔6 پوائنٹس ہوجائیں گے اور معاملہ رن ریٹ پر جائے گا۔ اس صورتحال میں بھارت کو نمیبیا کیخلاف آخری میچ میں رن ریٹ کو مدنظر رکھ کر کھیلنا ہوگا۔

نیوزی لینڈ اگر نمیبیا اور افغانستان کیخلاف میچز جیت گیا تو بھارت کا سفر نمیبیا کیخلاف میچ سے قبل ہی ختم ہوجائے گا۔