LIVE

ملک میں مہنگائی میں اضافہ، ادارہ شماریات نے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی

ویب ڈیسک
November 12, 2021
 

ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.81 فیصد کا اضافہ ہوا جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 17.37 فیصد ہوگئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سب سے کم آمدن والے افراد کیلئے مہنگائی 18.62 فیصد پر پہنچ گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  ایک ہفتے میں 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 15 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 23 روپے 29 پیسے،گھی کی فی کلو قیمت میں اوسط 12 روپے 07 پیسے اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے میں انڈے، آلو، پیاز، گڑ، دودھ، ایل پی جی، مٹن مہنگے ہوئے جبکہ بجلی چارجز  میں 18 پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق چینی کی فی کلو قیمت میں اوسط 10 روپے 29 پیسے کمی ہوئی اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3 روپے 11 پیسے سستا ہوا۔

اس کے علاوہ حالیہ ہفتے میں  دال مونگ، دال ماش، دال چنا، لہسن  بھی سستے ہوئے۔