LIVE

طالبان کا سرکاری ملازمین کو 3 ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کا اعلان

ویب ڈیسک
November 20, 2021
 

طالبان حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کو کئی ماہ سے رکی ہوئی تنخواہوں کی ادائیگی کا اعلان کردیا۔

طالبان کے نائب ترجمان انعام اللہ سمنگانی نے بتایا کہ افغان وزارت خزانہ نے 70 دنوں میں 26 ارب افغانی سے زائد رقم جمع کرلی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام سرکاری ملازمین کو پچھلے 3 ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی آج سے شروع کی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ تکنیکی مسائل کی وجہ سے پنشن کی ادائیگی نہیں کی جارہی تاہم پنشن  ادائیگی کا معاملہ بھی جلد حل کر لیا جائے گا۔

دوسری جانب طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے بھی تنخواہوں کی ادائیگی کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے کہ 15 اگست کو طالبان کے کنٹرول کے بعد سرکاری ملازمین کو تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں تھی۔