LIVE

افسران کے صوبائی سطح پر تبادلوں کا معاملہ وزیراعظم تک پہنچ گیا

ویب ڈیسک
November 25, 2021
 

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ پنجاب کے سول اور پولیس افسران کو فوری تبدیل نہ کیا جائے— فوٹو: فائل

افسران کے صوبائی سطح پر تبادلوں کا معاملہ وزیراعظم تک پہنچ گیا، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے گزشتہ روز معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ پنجاب کے سول اور پولیس افسران کو فوری تبدیل نہ کیا جائے،  تبدیل کیے جانے والے افسران کو  اہم  ٹاسک دے رکھے ہیں، کچھ ماہ تک ان کی جگہ آفیسر تلاش کرلیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے جواب دیا کہ حکومت کی پالیسی سب کےلیے یکساں ہے، وزیراعظم نےکہا کہ اب سب کو میرٹ، پالیسی اور قانون کے مطابق چلنا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے قانون اور  پالیسی پر عمل درآمد کا حکم دےدیا اور کہا کہ کسی بھی افسر کو  پالیسی سے ہٹ کر سپورٹ نہیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق  وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام صوبوں کوپالیسی پرفوری عملدرآمد کا حکم دے دیا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کا وزیراعظم سے براہ راست رابطہ میرےعلم میں نہیں، یہ انتظامی معاملہ ہے، چیف سیکرٹری معمول کی خط و کتابت کرتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے افسران کے معاملے پر وفاق  کو خط لکھا، خط وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر لکھا گیا تھا، خط میں لکھا  تھا کہ پنجاب میں افسران کی کمی ہے، ہم  تقرر و تبادلوں سے متعلق وفاق کی پالیسی سےاتفاق کرتے ہیں، اس پر عمل کریں گے۔

ترجمان کے مطابق پنجاب نے مؤقف اختیار کیا کہ متبادل افسران کے آنے تک موجودہ کو کام کی اجازت دی جائے۔