LIVE

نور مقدم کیس:اہم سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہونے کی تحقیقات ایف آئی اے کو کرنے کا حکم

ویب ڈیسک
November 25, 2021
 

نور مقدم قتل کیس میں عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو کیس کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہونےکی تحقیقات کرانے کا حکم دے دیا۔ 

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں نور مقدم قتل کیس سے متعلق تین مختلف درخواستوں پر ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے احکامات جاری کردیے۔ 

شریک ملزمہ عصمت آدم جی کی مکمل سی سی ٹی وی فراہمی کی درخواست عدالت نے خارج کردی جبکہ پراسیکیوشن کی دو نئے گواہ ڈاکٹر انعم اور ڈاکٹر حماد کو طلب کرنے کی درخواست منظور کرلی گئی۔ 

اس کے علاوہ عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو کیس کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہونے کی تحقیقات کرانے کا حکم بھی دیا۔

عدالت نے تینوں درخواستوں پر گزشتہ روز دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

واضح رہے کہ نور مقدم قتل کیس سے متعلق ایک سی سی ٹی وی فوٹیج  منظر عام پر آئی تھی جس میں کیس کے گرفتار مرکزی ملزم ظاہر شاہ کو مقتولہ نور مقدم کو زبردستی اندر لے جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔