LIVE

بچوں سے زیادتی کے مقدمات 6 ماہ میں نمٹانے کا حکم

ویب ڈیسک
December 01, 2021
 

 جہاں بچوں کو زیادتی سے بچانے کی ضرورت ہے وہیں بے گناہ افراد کو جھوٹے الزامات سے بھی بچانا ضروری ہے: لاہور ہائیکورٹ۔ فوٹو: فائل

لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ بچوں سے زیادتی کے مقدمات کا فیصلہ چھ ماہ کے اندر کیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے چھ سالہ بچے سے زیادتی کے ملزم ساجد کی ضمانت خارج کرنے کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ جہاں بچوں کو زیادتی سے بچانے کی ضرورت ہے وہیں بے گناہ افراد کو جھوٹے الزامات سے بھی بچانا ضروری ہے، الزامات جھوٹے نکلیں تو کیس بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

زیادتی کے ملزم ساجد نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ مقدمہ واقعے کے 7 روز بعد درج کرایا گیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ہمارے معاشرے میں عموماً ایسے کیسیز جلد رپورٹ نہیں ہوتے، ٹرائل کورٹ کیس کا فیصلہ مقررہ مدت میں کرے۔

لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ بچوں سے زیادتی کے مقدمات 6 ماہ کے اندر نمٹائے جائیں اور فیصلے پر عملدرآمد کیلئے اس کی نقول متعلقہ محکموں کو بھجوائی جائیں۔