LIVE

ایرانی فورسز سے جھڑپ، طالبان حکومت کے نائب ترجمان کا بیان سامنے آگیا

ویب ڈیسک
December 01, 2021
 

افغانستان میں بر سر اقتدار طالبان کی فورسز اور ایران کے سرحدی گارڈز کے درمیان جھڑپوں کے حوالے سے طالبان حکومت کے نائب ترجمان کا بیان سامنے آیا ہے۔

طلوع نیوز کے مطابق امارت اسلامی کے نائب ترجمان بلال کریمی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ صوبہ نمروز کے سرحدی علاقوں میں طالبان فورسز اور ایرانی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جھڑپیں اب بند ہوچکی ہیں اور ان میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ بلال کریمی نے جھڑپوں کی وجوہات کے حوالے سے کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔

علاوہ ازیں مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ نمروز میں جھڑپیں بدھ کی دوپہر شروع ہوئیں اور کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔ اس دوران طالبان فورسز نے 5 ایرانی آؤٹ پوسٹس پر قبضہ کرلیا ہے البتہ اس حوالے سے ایران کا کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔