01 دسمبر ، 2021
افغانستان کی طالبان فورسز اور ایرانی سرحدی فورس کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات موصل ہوئی ہیں، یہ جھڑپ مغربی افغانستان کے صوبہ نمروز کے سرحدی ضلع کنگ میں ہوئی ہے۔
مقامی افغان صحافیوں نے جیو نیوز کو بتایا کہ طالبان اور ایرانی سرحدی فورس کے درمیان جھڑپ افغانستان کے مغربی صوبہ نمروز کے سرحدی ضلع کنگ (Kung) میں بدھ کی شام پانچ بجے شروع ہوئی جو آخری اطلاعات تک جاری تھی۔
لڑائی کے دوران طالبان کی جانب سے ہلکے ہتھیاروں کے علاوہ بھاری اسلحہ کا بھی استعمال کیا گیا، علاقے سے موصول ہونے والی ویڈیوز میں طالبان فورسسز کو توپوں سے ایرانی علاقے پر گولہ بارے کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق طالبان کی جانب سے تین سرحدی چوکیوں پر قبضے کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ طالبان نے مذید فوجی کمک بھی طلب کرلی ہے۔
مقامی افغان صحافیوں کے مطابق جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب ایران کی جانب سے سرحد پر چیک پوسٹ کی تعمیر کی جارہی تھی، لڑائی کے دوران بعض طالبان فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے لیکن ایران کی جانب کسی زخمی یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ایران اور افغانستان کی حکومتوں نے اس سرحدی جھڑپ کے بارے میں کوئی سرکاری بیان ابھی تک جاری نہیں کیا ہے، افغانستان میں حکومت کی تبدیلی کے بعد افغان اور ایرانی سرحد پر یہ پہلی جھڑپ ہے۔