LIVE

’میڈم کا سُسر زیادتی کرتا تھا‘، 7 روز قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کا انکشاف

قمر علی مستوئی
December 23, 2021
 

کراچی کے علاقے گلزار ہجری سے 7 روز قبل لاپتہ ہونے والی 14سالہ لڑکی سولجر بازار کے علاقے سے مل گئی۔

لڑکی جس خاتون کے گھر پر کام کرتی تھی اس کا سسر  لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بناتا تھا جس پر وہ وہاں سے فرار ہوگئی تھی۔

پولیس کے مطابق گلزار ہجری سے 7روز قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی طاہرہ سولجر بازار کے علاقے سے ملی ہے۔

لڑکی سولجر بازار میں زلیخا نامی خاتون کے گھر سے ملی ہے جنہوں نے لڑکی کو پناہ دی تھی۔

طاہرہ گلزار ہجری میں ماہم نامی خاتون کے گھر میں کام کرتی تھی اور اس کا کہنا ہے کہ ’میڈم ماہم کا سسر مجھ سے زیادتی کرتا تھا، تنگ آکر  فرار ہوئی اور سولجر بازار میں زلیخا نامی خاتون کے گھر میں پناہ لی۔‘

پولیس کے مطابق زلیخا ہی نے انہیں اطلاع دی جس پر لڑکی کو  تحویل میں لے لیا گیا۔

لڑکی کی گمشدگی کا مقدمہ مبینہ ٹاؤن تھانے میں درج ہے، طاہرہ کی گمشدگی زینب الرٹ پر بھی رپورٹ ہوئی تھی، ضابطے کی کارروائی کے بعد لڑکی کو مبینہ ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے اور معاملے کی مزید چھان بین کی جارہی ہے۔