LIVE

اداکارہ سشمیتا سین نے 2 بیٹیوں کے بعد بیٹا بھی گود لے لیا؟

ویب ڈیسک
January 13, 2022
 

بھارت کے معروف فوٹو گرافر وائرل بھایانی نے ویڈیو شیئر کی__فوٹو: اسکرین گریب

بالی وڈ کی گریس فُل اداکارہ اور سابقہ مس یونیورس سشمیتا سین کی حال ہی میں ایک بچے کے ہمراہ تصاویر منظرِ عام پر آئی ہیں۔

گزشتہ روز سشمیتا سین کو اپنی دونوں بیٹیوں رینی اور الیسا کے ساتھ ممبئی کے علاقے باندرا میں ایک ریسٹورینٹ کے باہر دیکھا گیا جہاں اداکارہ کی موجودگی کی اطلاع پر فوٹو گرافرز کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔

اس موقع پر تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئیں جس میں اداکارہ کے بالکل ساتھ ایک خاتون بچہ اٹھائے کھڑی ہیں اور سشمیتا ان کے ساتھ پوز دے کر تصاویر بنوا رہی ہیں۔

بھارت کے معروف فوٹو گرافر وائرل بھایانی نے ویڈیو شیئر کی اور ساتھ ہی کیپشن میں دعویٰ کیا کہ یہ بچہ سشمیتا سین کا ہے جس پر صارفین کی بڑی تعداد نے اداکارہ کو بچہ گود لینے پر مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی ان کے فیصلے کو سراہا۔

دوسری جانب انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سشمیتا سین نے کوئی بچہ گود نہیں لیا، در حقیقت ان کے ہمراہ ان کی دوست کا بیٹا موجود ہے تاہم اس حوالے سے سشمیتا سین نے کوئی وضاحت نہیں دی۔

واضح رہے کہ اداکارہ سشمیتا سین نے سن 2000 میں اپنی بڑی بیٹی رینی اور 2010 میں چھوٹی بیٹی الیسا کو گود لیا تھا۔