LIVE

شہزاد اکبر مجھ پر وقت ضائع کرنےکے بجائے نواز شریف کےکیس پر توجہ دیں، حریم شاہ

مرتضیٰ علی شاہ
January 16, 2022
 

معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے منی لانڈرنگ کے الزامات کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئےکہا ہےکہ سچی باتیں کڑوی لگتی ہیں تو ہزار بار لگیں، میں توکروں گی۔

لندن میں جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے حریم شاہ کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر مجھ پر وقت ضائع کرنےکے بجائے نواز شریف کے کیس پر توجہ دیں، شہزاد اکبر، نواز شریف کو تو یہاں سے ہلا نہیں سکے، وہ یہاں اپنی زندگی مزے سے گزار رہے ہیں۔

حریم شاہ کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے نواز شریف کو آج لے کر آئیں گے، کل لےکر آئیں گے، آج تک تو کچھ کر نہیں سکے، میں تو معمولی شخصیت ہوں،  شہزاد اکبر کے خط سے خائف نہیں، لندن میں 'چِل' کر رہی ہوں، برطانیہ میں ثبوت چلےگا، باتیں نہیں، حکام کے رابطوں اور کیسوں سے نہیں گھبراتی،کچھ اور حقائق بھی بتاسکتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ خود مشہور ہونے کے لیے میرے خلاف خط لکھنےکی بات ہورہی ہے، پاکستانی پاسپورٹ کی قدر کے حوالے سے خبر بھی آگئی ہے، میں نے بھی تو سچی بات کی تھی، حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستانی پاسپورٹ اور کرنسی کی قدر مزید گرتی جا رہی ہے۔

انہوں نےکہا کہ ایف آئی اے اور مقامی حکام سے منی لانڈرنگ کے حوالے سے تعاون کرنے کے لیے تیار ہوں، لگتا ہے پاکستانیوں کے خط کو مقامی حکام پڑھتے بھی نہیں اور پھاڑ کر پھینک دیتے ہیں، جتنی بلیک منی پاکستانی سیاستدانوں کے پاس ہے اتنی بلیک منی تو پاکستان میں عوام کے پاس بھی نہیں ہے۔

اس موقعے پر لندن میں موجود حریم شاہ کے منہ بولے بھائی دانیال ملک نےکہا کہ میں نے خود اسکاٹ لینڈ یارڈ سے رابطہ کرکےکہا تھا کہ حریم سے کچھ پوچھنا ہے تو حاضر ہیں،  پولیس نے حریم شاہ کے منی لانڈرنگ کے حوالے سے انٹرویو میں کسی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا۔