LIVE

شام میں کڑکتی سردی، مقامی افراد میزائل کو ہی بطور ہیٹر استعمال کرنے پر مجبور

ویب ڈیسک
January 24, 2022
 

 بچے اور خواتین سمیت دیگر افراد علاقے میں گرے ہوئے میزائل اور راکٹ ڈھونڈتے رہتے ہیں کہ آیا کوئی ایسا ہو جو پھٹا نہ ہو: اسعد__فوٹو: سائنس دیو ڈاٹ نیٹ

شام میں مسلسل خانہ جنگی کے باعث سردیوں کے موسم میں لوگوں نے گرمائش حاصل کرنے کے لیے میزائل کو ہی ہیٹر بنا لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شام کے صوبے ادلب کے شہر جسر  ال شُغر میں اسعد العبید نامی شخص نے اپنے گھر میں میزائل کو ری سائیکل کرکے اسے ہیٹر میں بدل دیا ہے۔

شامی شہری اسعد العبید کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملک میں مسلسل جنگ کے باعث یہاں کے لوگ ہیٹرخریدنے کی سکت نہیں رکھتے اسی لیے بچے اور خواتین سمیت دیگر افراد علاقے میں گرے ہوئے میزائل اور راکٹ ڈھونڈتے رہتے ہیں کہ آیا کوئی ایسا ہو جو پھٹا نہ ہو۔

اسعد نے بتایا کہ انہیں بھی یہ میزائل گھر کے پاس سے ملا جسے انہوں نے قریبی لوہار سے ہیٹر میں تبدیل کروا لیا۔

رپورٹ کے مطابق مقامی لوہار 28 سے 32 سینٹی میٹر فاصلہ رکھ کر راکٹ اور میزائلوں کو احتیاط سے خالی کرکے انہیں ہیٹر کے طور پر استعمال کے قابل بناتے ہیں۔ میزائل کے بارود کو وہاں کے کان کن سرنگ کی تعمیر یا پتھر توڑنے کے لیے خرید لیتے ہیں۔

تاہم یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ یہ خطرناک کام لوگ بغیر  خوف کے کر رہے ہیں جو ان کی قیمتی جان بھی لے سکتا ہے۔