LIVE

واپڈا نے متعدد کرکٹرز کو فارغ کردیا، نوٹیفکیشن جاری

سہیل عمران
January 27, 2022
 

واپڈا اسپورٹس بورڈ کے حکم نامے کے بعد قومی کرکٹرز کو فارغ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے/فوٹوفائل

محکمہ جاتی کرکٹ کے خاتمے کے ساتھ ہی کرکٹرز کے بے روز گار ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

واپڈا اسپورٹس بورڈ کے حکم نامے کے بعد قومی کرکٹرز کو فارغ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔

واپڈا اسپورٹس بورڈ نے گزشتہ ماہ دسمبر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ریجنل کرکٹ کرانے کو جواز بناتے ہو ئے کرکٹ ٹیمیں ختم کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا اور اب اس حکم نامے کی روشنی میں قومی کرکٹرز کے کنٹریکٹ ختم کر کے انہیں فارغ کر دیا گیا ہے۔

واپڈا کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کامران اکمل، وہاب ریاض، سلمان بٹ، صدیق مہدی، ارشد اقبال، صہیب مقصود اور احسان عادل کے اسپیشل کنٹریکٹ ختم ہو گئے  ہیں جبکہ  مستقل ملازم علی رفیق کو فوری طور پر ڈیوٹی پر واپس بلا لیا گیا ہے، انہیں ضرورت پڑنے پر ریلیز کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ  کرکٹرز محمد آصف، سہراب خان، زاہد منصور، شاہد طارق اور مہندر پال سنگھ کا بھی کنٹریکٹ ختم کر دیا گیا ہے، ماہانہ مشاہرہ لینے والے کرکٹر  جہانزیب عبداللہ کو بھی فارغ کر دیا گیا  ہے جنہیں  اب ماہانہ مشاہرہ نہیں ملے گا۔