LIVE

روس اور بیلاروس کے تیراکوں پر عالمی چیمپئن شپ میں شرکت پر پابندی

ویب ڈیسک
March 24, 2022
 

روس اور بیلاروس کے تیراکوں پر عالمی چیمپئن شپ میں شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی۔—فوٹو: رائٹرز فائل

روس اور  بیلاروس کے تیراکوں پر رواں سال عالمی چیمپئن شپ میں شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق روس اور بیلاروس کے تیراکوں پر بدھ کے روز  یوکرین میں جنگ شروع کرنےکی وجہ سے رواں سال ہنگری میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی گئی۔

سوئمنگ کھیل کی گورننگ باڈی فینا( FINA) نے اعلان کیا کہ روس اور بیلاروس کے ایتھلیٹ اور آفشلز 19 ویں ورلڈچیمپئن شپ میں حصہ نہیں لیں گے۔

اس سے قبل فینا کی جانب سے روس اور بیلاروس کو مقابلے میں اپنی ملکی شناخت کو ہٹاکر نیوٹرل کھلاڑیوں کے طور پر حصہ لینے کی اجازت دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کے بعد بیلاروس ماسکو کے فوجیوں کا ایک اہم مقام رہا ہے۔

خیال رہے کہ فینا ورلڈ چیمپئن شپ 2022 رواں سال جون میں ہنگری میں منعقد ہوگی جس میں تیراکی، غوطہ خوری، واٹر پولو اور آرٹسٹک سوئمنگ شامل ہیں۔

اس سے قبل فینا نے گزشتہ ماہ عالمی جونیئر سوئمنگ چیمپئن شپ کو منسوخ کر دیا تھا جو جنوب مغربی روسی شہر کازان میں ہونے والی تھی۔