LIVE

وزیراعظم اداروں کو غیر ملکی سازش کے ثبوت فراہم نہیں کر سکے: حامد میر

ویب ڈیسک
April 03, 2022
 

جیو نیوز کے سینئر اینکر پرسن حامد میر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان حکومت کی تبدیلی کے لیے غیر ملکی سازش کے ثبوت ملکی تحقیقاتی اداروں کو فراہم نہیں کر سکے۔

وزیراعظم عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کے دوران ایک خط لہراتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے خلاف ایک غیر ملکی سازش ہوئی ہے اور غیر ملکی فنڈنگ کے ذریعے حکومت کی تبدیلی کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اس خط کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کو بھی آگاہ کیا تھا جس کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا۔

حامد میر کا کہنا ہے گزشتہ روز بھی میں بتایا تھا وزیراعظم نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کو بین الاقوامی سازش کا بتایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا تھا یہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے اس کی تحقیقات کی جائیں، اداروں نے تحقیقات کے بعد وزیراعظم کو بتایا کہ ہمیں سازش کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو بتایا گیا ہے کہ اگر آپ کے پاس ثبوت ہیں تو فراہم کریں تاکہ مزید تحقیقات کی جائیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ عسکری قیادت اپوزیشن کا پیغام لے کر آئی تھی لیکن پھر اگلے روز کہا کہ ہو سکتا ہے میرے کوئی ساتھی پیغام لےکر گئے ہوں۔