LIVE

آنجہانی مالک کو ڈھونڈتے ہوئےکتا طویل سفرکرکے اس کے گھر پہنچ گیا

ویب ڈیسک
May 09, 2022
 

کتا اب اپنے اصل مالک کی تلاش میں گاؤں کی گلیوں میں گھومتا ہے—فوٹو: اسکرین گریب

چین میں کتے کی وفاداری اور مالک سے محبت کی ایک اور مثال سامنے آگئی ہے ۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں ایک کتا اپنے آنجہانی مالک کو ڈھونڈتے ہوئے تقریباً 40 کلومیٹر کا سفر طے کرتے ہوئے اس کے گھر ہی پہنچ گیا۔

رپورٹس کے مطابق بگ ییلو نامی 8 سالہ کتے کا مالک 2021 میں چین کے نئے قمری سال کے قریب مر گیا تھا جس کے بعد اسے مالک کے بیٹے نے گود لیا اور اپنے گاؤں لے گیا۔

چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر خاتون کی جانب سے ایک پوسٹ کی گئی جس میں  بظاہر  بتاگیا کہ کتا اپنے نئے گھر  سے چھپ کر باہر نکلا اور وہ گاؤں (جہاں اس کا پہلا مالک رہتا تھا)  تقریباً ایک ہفتے بعد واپس  آگیا۔

رپورٹس کے مطابق  مالک کا بیٹا جو اسے اپنے گاؤں لے گیا تھا، اس نے کتے کو اپنے مرحوم والد کے گاؤں میں ہی رہنے دینے کا فیصلہ کیا۔

خاتون کی جانب سے ویڈیو بھی پوسٹ کی گئی جس کے مطابق کتا اب اپنے اصل مالک کی تلاش میں گاؤں کی گلیوں میں گھومتا ہے اور گھر کے سامنے اپنے مالک کے واپس آنے کے انتظار میں گھنٹوں گزارتا ہے۔

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوئی جس کے بعد صارفین نے اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے   ہالی وڈ فلم (ہاچی)  سے تشبیہ دی۔

یہ فلم ہاچیکو نامی کتے کی سچی کہانی پر مبنی تھی، جو اپنے مردہ مالک کا  نو سال سے  انتظار کر رہا تھا۔