LIVE

برسوں سے بند پاکستان اسٹیل ملز سے 10 ارب روپے مالیت کا مٹیریل چوری

ویب ڈیسک
August 01, 2022
 

فوٹو: فائل

اسلام آباد: برسوں سے بند پاکستان اسٹیل ملز سے 10 ارب روپے مالیت کا مٹیریل چوری ہوگیا۔

وزارت صعنت و پیدوار نے معاملےکی تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو خط لکھ دیا۔

پاکستان اسٹیل ملز یونین کی جانب سے چوری کے واقعات پر وزارت صعنت کو خط لکھا گیا تھا۔

جنرل سیکرٹری سی بی اے اسٹیل ملز عبد الرزاق کا کہنا ہے کہ چوری کی شفاف تحقیقات کےلیےخط لکھا تھا، اسٹیل ملز میں چوریوں کا سلسلہ گزشتہ دور حکومت میں شروع ہوا، گزشتہ دور حکومت میں اسٹیل ملز کا 10 ارب روپےکا مٹیریل چوری ہوا، گزشتہ حکومت کو چوریوں سے آگاہ کیا مگر کوئی پیش رفت نہ ہوئی ۔

 خط میں کہا گیا ہے کہ  چوری میں سکیورٹی اور سینیئر انتظامی افسران کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، قومی اثاثےکو لٹیروں سے بچانےکے لیے فوری ایکشن و تحقیقات کی جائیں، 27 جولائی کی رات 50 افراد پر مشتمل لٹیروں کا ایک گروہ اسٹیل ملز کے احاطے میں داخل ہوا، پاکستان اسٹیل کے پلانٹ ایریا سے اربوں بھاری مالیت کا تانبہ اور وائرز چوری کی گئیں۔

خط کے مطابق موجودہ اور گزشتہ چوریوں میں سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ اور ملازمین خاموش تماشائی بنے رہے۔

وزارت صنعت و پیداوار نے اسٹیل ملز میں چوری کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہےکہ چوریاں مین پلانٹ سمیت مختلف ڈیپارٹمنٹس میں ہوئیں، الزامات انتہائی سنجیدہ ہیں اور اسٹیل ملز انتظامیہ کی شفافیت کو چیلنج کیا گیا ہے، مبینہ چوریوں کی ایف آئی اے شفاف تحقیقات کرے۔