LIVE

دنیا کے سب سے پستہ قد گلوکار کو سلمان خان کی فلم میں کردار مل گیا

ویب ڈیسک
August 02, 2022
 

عبدو روزک کو بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم میں کاسٹ کرلیا گیا۔ —فوٹو:فائل

تاجکستان سے تعلق رکھنے والے دنیا کے سب سے پستہ قد گلوکار عبدو روزک کو بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم میں کاسٹ کرلیا گیا۔ 

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں رہائش پزیر عبدو روزک چھوٹے قد اور گلوکاری کی وجہ سے انٹرنیٹ پر کافی مقبول ہیں ،ان کی عمر 18 سال جبکہ قد  تقریباً  3 فٹ سے زائد ہے۔

رپورٹس کے مطابق عبدو روزک سلمان خان کی فلم 'کبھی عید کبھی دیوالی' جس کا نام اب تبدیل کر کے 'بھائی جان'رکھا گیا ہے میں اہم کردار نبھائیں گے۔

عبدو روزک  نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'میں سلمان خان کے ساتھ بالی وڈ میں ڈیبیو کرنے کے لیے بہت خوش ہوں۔ میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ ایک دن میں اتنے بڑے اسٹار کے ساتھ فلم کروں گا'۔

رپورٹس کے مطابق فلم بھائی جان کی شوٹنگ شروع ہوگئی ہے جبکہ یہ اگلے سال سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔