LIVE

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہفتہ وار بنیادوں پر کیے جانے کا امکان

ویب ڈیسک
August 04, 2022
 

آئی ایم ایف کے مطالبے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15دنوں بعد ردوبدل کرنے کا فیصلہ تبدیل کیے جانے کا امکان ہے: ذرائع/ فائل فوٹو

اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی طرف سے عائد کی گئی ایک  اور شرط پوری کیے جانے کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے مطالبے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15دنوں بعد ردوبدل کرنے کا فیصلہ تبدیل کیے جانے کاامکان ہے جس کے بعد یہ فیصلہ ہفتہ وار بنیادوں پر کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعدپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی مدت کا تعین ہوگا۔

ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کا اثر عوام کو منتقل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل ہر 15روز بعد کرنے کا فیصلہ کیا تھا  اور اس سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل ماہانہ بنیادوں پر ہوتا تھا۔