LIVE

واٹس ایپ میں فون نمبر چھپانے کے فیچر کو متعارف کرانے پر کام جاری

ویب ڈیسک
August 08, 2022
 

یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں دستیاب ہے / رائٹرز فوٹو

دنیا بھر میں کروڑوں واٹس ایپ گروپس موجود ہیں۔

مگر واٹس ایپ گروپس میں لوگ آپ کے فون نمبر کو بھی دیکھ سکتے ہیں چاہے آپ کی مرضی ہو یا نہ ہو۔

یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ میں ایسے فیچر کو متعارف کرانے کے لیے کام کیا جارہا ہے جس سے صارفین اپنے فون نمبر کو مخصوص گروپس یا کمیونٹی سے چھپا سکیں گے۔

ہائیڈ یور فون نمبر نامی اس فیچر پر واٹس ایپ کے بیٹا ورژن پر کام کیا جارہا ہے اور آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں اسے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

میٹا کی زیرملکیت ایپ میں ہونے والی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo نے اس فیچر کے بارے میں بتایا۔

اس فیچر کے تحت فون نمبر کو چھپانے کے ساتھ ساتھ ان کی شیئرنگ کو بائی ڈیفالٹ ڈس ایبل بھی کیا جاسکتا ہے۔

آسان الفاظ میں جب آپ کسی گروپ میں شمولیت اختیار کریں گے تو فون نمبر فوری طور پر ہائیڈ ہوجائے گا، البتہ صارف کی مرضی ہو تو وہ فون نمبر شیئر کرسکتا ہے۔

فی الحال یہ فیچر گروپ یا کمیونٹی تک ہی محدود ہوگا۔

دوسری جانب واٹس ایپ نے اسٹیٹس فیچر کو اپ ڈیٹ کردیا ہے اور اب صارفین اسٹیٹس میں وائس فائلز کو سننے کے ساتھ ساتھ دیگر سے چیٹ بھی کرسکیں گے۔

یہ فیچر اب تمام صارفین کو دستیاب ہے۔