LIVE

عالمی برادری اور قومی اداروں کی کوششوں سے ہم سیلاب کی مشکل سے نکل آئیں گے: وزیراعظم

ویب ڈیسک
September 25, 2022
 

سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاموں کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ فوٹو فائل

سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاموں پر جائزہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں این ایف آر سی سی حکام نے سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں، عالمی رہنماؤں کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی رہنماؤں کو امدادی کارروائیوں اور بحالی کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔

ان کا کہنا تھا عالمی رہنماؤں نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، عالمی رہنماؤں نے یقین دلایا کہ پورے اخلاص کے ساتھ پاکستان کی مدد کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا یو این سیکرٹری جنرل نے یقین دلایا ہےکہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ڈونرز کانفرنس کرائی جائے گی جبکہ بل گیٹس سے ملاقات میں سیلاب زدہ علاقوں میں بچوں کی خوراک کے معاملات پر بات ہوئی۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی برادری اور پاکستانی اداروں کی کوششوں سے ہم ان شاءالله اس مشکل سے نکل آئیں گے۔