LIVE

ایلون مسک کے مالک بنتے ہی سابقہ محبوبہ ایمبر ہرڈ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ غائب

ویب ڈیسک
November 05, 2022
 

امریکی اداکار جونی ڈیپ کی سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ نے 2018 میں اعتراف کیا تھا کہ ان کے ایلون مسک سے کچھ عرصے تک قریبی تعلقات رہے تھے—فوٹو: فائل

ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے کے بعد ان کی سابقہ محبوبہ ہالی وڈ اداکارہ ایمبر ہرڈ کا ٹوئٹر سے اکاؤنٹ غائب ہوگیا جس کے بعد خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ اداکارہ نے خود ہی اپنا اکاؤنٹ حذف کردیا۔

ایمبر ہرڈ کا اکاؤنٹ ٹوئٹر سے غائب ہونے پر سوشل میڈیا صارفین کی رائے ملی جلی ہے، کچھ کا کہنا ہے کہ سابق محبوب کے مالک بنتے ہی اداکارہ نے ٹوئٹر کو خیرباد کہہ دیا جب کہ کئی صارفین یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ایلون مسک نے خود ایمبر کا اکاؤنٹ حذف کردیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کے 28 اکتوبر کو کمپنی سنبھالنے کے بعد  ایمبر ہرڈ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ اچانک غائب ہوگیا،  اس حوالے سے نا ہی ٹوئٹر کا کوئی بیان سامنے آیا اور نا اداکارہ نے کچھ بتایا۔

ایمبر کا نام ٹوئٹر پر سرچ کرنے پر  ان کا اکاؤنٹ سامنے نہیں آرہا جب کہ اکاؤنٹ حذف ہونے کی کوئی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی۔

خیال رہے کہ امریکی اداکار جونی ڈیپ کی سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ نے 2018 میں اعتراف کیا تھا کہ ان کے ایلون مسک سے کچھ عرصے تک قریبی تعلقات رہے تھے اور طلاق کے بعد شوہر سے علیحدگی کا غم ختم کرنے کے لیے ان کے 2016 سے 2017 تک ایلون مسک سے تعلقات رہے۔