LIVE

عمران خان جس عدالت میں جائیں ہم سامنا کرینگے: شاہزیب خانزادہ

ویب ڈیسک
November 16, 2022
 

ہم نے اس معاملے پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کو ردعمل کے لیے بارہا کہا لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب نہ آیا— فوٹو: فائل

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ کے میزبان شاہزیب خانزادہ نے عمران خان کے الزامات پر کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی جس عدالت میں جانا چاہیں جائیں ہم سامنا کریں گے۔

گزشتہ روز جیو نیوز عمران خان کی جانب سے بطور وزیراعظم توشہ خانہ کے تحفے فروخت کرنے والے یو اے ای میں مقیم پاکستانی عمر فاروق کو سامنے لایا تھا۔

جیو نیوز کے پروگرام میں عمر فاروق نے بتایا تھا کہ انہیں عمران خان کے دور کے مشیر برائے احتساب نے انہیں فون کر کے بتایا کہ بہت قیمتی تحائف ہیں جو ہم فروخت کرنا چاہتے ہیں، یہ تحائف فرح جمیل کے ذریعے فروخت کیے گئے تھے۔

اس پر عمران خان نے سوشل میڈیا پر کہا کہ بس بہت ہوگیا!کل جیو اور خانزادہ نے سرپرستوں کی مدد سے ایک مشہورِ زمانہ دھوکے باز اور عالمی سطح پرمطلوب مجرم کی تراشی گئی بے بنیاد کہانی کے ذریعے مجھ پر بہتان تراشی کی۔

عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ میں نے اپنے وکلاء سے بات کی ہے اور میں جیو، خانزادہ اور اس دھوکے باز کیخلاف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں بھی قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتا ہوں۔

عمران خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر لگائے گئے الزامات پر شاہزیب خانزادہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس معاملے پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کو ردعمل کے لیے بارہا کہا لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب نہ آیا، آج بھی عمران خان خود یا وہ جسے چاہیں ہمارے پروگرام میں بھیجیں ہم ان سے سوالات کریں گے اور وہ اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب دیں، سب کچھ واضح ہو جائے گا۔

شاہزیب خانزادہ کا مزید کہنا تھا ہم یہ اسٹوری پوری تحقیق اور محنت کے بعد سامنے لائے ہیں اور ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں، دعویٰ دائر کرنا عمران خان کا حق ہے، عمران خان جہاں چاہیں ہمیں بلائیں ہم ان کا سامنا کریں گے لیکن ہم یہ ضرور چاہیں گے کہ عمران خان پر جو الزامات لگ رہے ہیں وہ ان کا جواب ضرور دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جب بھی ان کے رہنماؤں کو پروگرام میں آنے کی دعوت دیتے ہیں تو وہ ذاتی حملے شروع کر دیتے ہیں، اس کے باوجود ہم یقینی بناتے ہیں کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو دعوت دیں۔

ان کا کہنا تھا ابھی تک الزام عمران خان پر لگا نہیں فرح گوگی اور شہزاد اکبر  پر لگا تھا، عمران خان یقینی بناتے ہیں کہ جب بھی الزام فرح گوگی پر لگے تو وہ خود ان کا دفاع کرنے آجاتے ہیں۔

شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا عمران خان اس کا نام بتانے سے کترا رہے ہیں جسے گھڑی بیچی، قوم کو اس کا نام بتا دیں، خان صاحب نے روایت بنالی ہے کہ آپ مجھ سے سوال کیوں پوچھتے ہیں، سوال پوچھنا ہماراحق ہے، جس صحافی نے یہ اسکینڈل کور کیا اس کے ساتھ کیا کیا ہوا وہ اپنی کہانی بار باربتا رہا ہے۔ 

شاہزیب خانزادہ کے عمران خان سے چند سوالات