LIVE

بھارت: پنچایت کی بچی کیساتھ زیادتی کرنیوالے کو ’اٹھک بیٹھک‘ کی سزا، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک
November 25, 2022
 

بھارت میں ایک پنچایت کی جانب سے لڑکی سے زیادتی کے ملزم کو اٹھک بیٹھک کی سزا کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے ضلع نواڈا کے ایک گاؤں کی پنچایت (مقامی عدالت) کی جانب سے لڑکی سے زیادتی کے ملزم کو اٹھک بیٹھک کی سزا دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹھک بیٹھک کی سزا پانے والا شخص 6 سالہ بچی کو چاکلیٹ دینے کا لالچ دیکر قریبی پولٹری فارم میں لیکر گیا اور اسے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

بچی کو جنسی ہوس کا نشانہ بنانے والے درندے کو پکڑ کر ولیج کونسل (پنچایت) کے سامنے پیش کیا گیا جہاں گاؤں کے بڑوں نے فیصلہ کیا کہ ملزم نے بچی کو زیادتی کا نشانہ نہیں بنایا تاہم پنچایت نے بچی کو غیر متعلقہ جگہ پر ساتھ لے جانے پر صرف اٹھک بیٹھک کی سزا سنائی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم پنچایت کے سامنے اٹھک بیٹھک کر رہا ہے تاہم ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے پنچایت کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اسے انصاف کا قتل قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور ملزم کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔