LIVE

صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے کا ثبوت نہیں ملا: واٹس ایپ

ویب ڈیسک
November 29, 2022
 

84 ممالک سے تعلق رکھنے والے 48 کروڑ 70 لاکھ واٹس ایپ صارفین کے فون نمبر پر مبنی ڈیٹابیس ایک ہیکنگ کمیونٹی فورم میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے: رپورٹ—فوٹو: فائل

واٹس ایپ نے دنیا بھر میں موجود 50 کروڑ واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا لیک ہوکر  ہیکنگ فورم پر فروخت کرنے کی خبر کی تردید کردی۔

کچھ روز قبل سام موبائل کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ 84 ممالک سے تعلق رکھنے والے 48 کروڑ 70 لاکھ واٹس ایپ صارفین کے فون نمبر پر مبنی ڈیٹابیس ایک ہیکنگ کمیونٹی فورم میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس مبینہ ڈیٹا بیس میں امریکا کے 3 کروڑ 20 لاکھ صارفین کے فون نمبر موجود ہیں، اسی طرح مصر کے ساڑھے 4 کروڑ، اٹلی کے ساڑھے 3 کروڑ، سعودی عرب کے 2 کروڑ 90 لاکھ، فرانس اور ترکیہ کے 2، 2 کروڑ، روس کے ایک کروڑ جب کہ برطانیہ کے ایک کروڑ 10 لاکھ صارفین کا ڈیٹا لیک ہوا ہے۔

اب واٹس ایپ ترجمان نے ان دعوؤں کی تردید کردی۔

واٹس ایپ ترجمان کے مطابق  سائبر نیوز نے غیر تصدیق شدہ اسکرین شاٹس سے یہ اخذ کیا کہ ڈیٹا لیک ہوگیا لیکن اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔