25 نومبر ، 2022
واٹس ایپ کے ایک چوتھائی صارفین کے فون نمبروں پر مبنی ڈیٹا مبینہ طور پر ہیکرز نے فروخت کے لیے پیش کردیا ہے۔
سام موبائل کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ 84 ممالک سے تعلق رکھنے والے 48 کروڑ 70 لاکھ واٹس ایپ صارفین کے فون نمبر پر مبنی ڈیٹابیس ایک ہیکنگ کمیونٹی فورم میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے زائد ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس مبینہ ڈیٹا بیس میں امریکا کے 3 کروڑ 20 لاکھ صارفین کے فون نمبر موجود ہیں۔
اسی طرح مصر کے ساڑھے 4 کروڑ، اٹلی کے ساڑھے 3 کروڑ، سعودی عرب کے 2 کروڑ 90 لاکھ، فرانس اور ترکیہ کے 2، 2 کروڑ، روس کے ایک کروڑ جبکہ برطانیہ کے ایک کروڑ 10 لاکھ صارفین کا ڈیٹا لیک ہوا ہے۔
رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ واٹس ایپ کے کروڑوں صارفین کے فون نمبر کہاں سے لیک ہوئے۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہیکرز نے ممکنہ طور پر اسکریپنگ نامی طریقہ کار کو استعمال کیا جس کے لیے ویب سائٹس سے ڈیٹا اکٹھا کیا جاتا ہے۔
یعنی یہ ڈیٹا براہ راست واٹس ایپ سے لیک نہیں ہوا بلکہ ہیکرز نے ویب پیجز سے لگ بھگ 50 کروڑ فون نمبروں کو اکٹھا کرکے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ واٹس ایپ پر استعمال ہورہے ہیں اور پھر ڈیٹابیس کو فروخت کے لیے پیش کردیا۔
اس طرح کے ڈیٹابیس کو اسپام اور اسی طرح کی دیگر آن لائن سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔