LIVE

ویڈیو: ہر مرتبہ سنچری کے بعد یہ اشارہ کیوں کرتے ہیں؟ صحافی کا امام الحق سے سوال

ویب ڈیسک
December 04, 2022
 

امام الحق نے 180 گیندوں پر سنچری بنائی تاہم اس کے بعد ایک اشارے کی ویڈیو وائرل ہوئی __فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر  امام الحق سے سنچری کے بعد کیے جانے والے اشارے سے متعلق سوال کیا گیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے، میچ کے تیسرے روز جب امام الحق نے سنچری بنائی تو انہوں نے ایک اشارہ کیا جس کے بعد ڈگ آؤٹ میں موجود ساتھی کھلاڑیوں کو دکھایا گیا جو امام کے لیے تالیاں بجارہے تھے۔

امام الحق نے 180 گیندوں پر سنچری بنائی تاہم اس کے بعد ایک اشارے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس کے بارے میں مداح بھی شش و پنج میں مبتلا دکھائی دیے۔

اس حوالے سے دن کے اختتام پر پریس کانفرنس کے دوران سینئر اسپورٹس جرنلسٹ عبد الماجد بھٹی نے سوال کیا کہ 'اس اشارے کا کیا مطلب ہے اور آپ ہر مرتبہ سنچری کے بعد یہ کیوں کرتے ہیں؟'

امام الحق نے سوال کے جواب میں وجہ نا بتائی اور مسکراتے ہوئے کہا یہ تھوڑی ذاتی چیز ہے، یہ ٹیم کی بات ہے اس لیے اس کا جواب نہیں دینا چاہتا۔