LIVE

مائیکرو سافٹ کا 10 ہزار ملازمین کو نکالنے کا اعلان

ویب ڈیسک
January 19, 2023
 

مائیکرو سافٹ کے سی ای او نے یہ اعلان کیا / اے پی فوٹو

مائیکرو سافٹ نے اپنے 10 ہزار ملازمین کو نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکٹیو ستیہ ناڈیلا نے ملازمین کے نام ایک میمو میں بتایا کہ معاشی غیریقینی صورتحال کے باعث کمپنی کے 10 ہزار ملازمین کو فارغ کیا جارہا ہے اور اب زیادہ توجہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس جیسے شعبوں پر مرکوز کی جائے گی۔

ملازمتوں سے نکالے جانے کا سلسلہ 18 جنوری سے شروع ہوا اور اسے مارچ تک مکمل کیا جائے گا۔

مجموعی طور پر کمپنی کے 5 فیصد کے قریب ملازمین کو فارغ کیا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے یہ بتانے سے گریز کیا گیا کہ کن شعبوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین زیادہ متاثر ہوں گے مگر میڈیا رپورٹس کے مطابق انجینئرنگ ڈویژن سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔

ستیہ ناڈیلا نے کہا کہ اس طرح کے فیصلے مشکل ہوتے ہیں مگر ان کو کرنا ضروری ہوتا ہے۔

اس سے قبل مائیکرو سافٹ نے اکتوبر 2022 میں ایک ہزار کے قریب ملازمین کو فارغ کیا تھا۔

ملازمین کی تعداد میں کمی کے ساتھ ساتھ مائیکرو سافٹ کی جانب سے اخراجات میں کمی لانے کے لیے مختلف منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا تاکہ 1.2 ارب ڈالرز بچانے میں مدد مل سکے۔

مائیکرو سافٹ سے قبل میٹا، ایمازون، ٹوئٹر اور متعدد ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے ہزاروں ملازمین کو فارغ کیا گیا تھا۔