LIVE

شان مسعود کی شادی کی تقریبات کا آغاز، کرکٹر کی دلہن کے ہمراہ ویڈیو بھی سامنے آگئی

ویب ڈیسک
January 21, 2023
 

فوٹو: ایڈیٹس این سابز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے  بیٹر  شان مسعود  پشاور سے تعلق رکھنے والی میشے خان سے آج 21 جنوری کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہے ہیں۔

شان مسعود کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے ، شادی سے قبل شان اور ان کی ہونے والی دلہن  میشے خان کے درمیان انگوٹھیوں کے تبادلے کی تقریب کی ویڈیو اور تصاویر  سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

 انسٹاگرام پر 'editsxsaabs' نامی اکاؤنٹ کی اسٹوری سے  وائرل ہونے والی ویڈیوز میں شان اور میشے خوشگوار انداز میں خاندان کے دیگر افراد کے درمیان ایک دوسرے کو انگوٹھیاں پہناتے ہوئے دیکھے گئے۔

اس موقع پر شان اور میشے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنا کر کافی خوش دکھا ئی۔ 

33 سالہ شان کے ولیمے کا کارڈ بھی سامنے آچکا ہے جس کے مطابق ان کا ولیمہ 27 جنوری بروز جمعے کو کراچی میں ہوگا جس میں متعدد کرکٹرز سمیت معروف شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔

کچھ روز قبل جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ وہ پسند کی شادی کر رہے ہیں،دلہن ان کی بہترین دوست رہی ہیں اور اب وہ ان کی لائف پاٹنر بننے جا رہی ہیں،ان کی ان سے پہلی ملاقات لاہور میں ہوئی۔

شان مسعود نے اپنی دلہن کے حوالے سے بتایا کہ ان کا تعلق پشاور سے ہے ان کی ان سے پرانی دوستی ہے جو اب بہترین رشتے میں بدل رہی ہے اور وہ بہت زیادہ خوش ہیں کہ انہیں زندگی کا بہترین ساتھی مل رہا ہے، وہ انہیں بہترین انسان کے ساتھ بہترین کرکٹر بننے میں بھی مدد کریں گی کیوں کہ جب سے وہ ان کی لائف میں آئی ہیں ان کے کردار میں بڑا اچھا بدلاؤ آیا ہے۔

واضح رہے کہ شان مسعود معروف بینکر منصور مسعود خان کے فرزند ہیں، ان کے تایا وقار مسعود خان حکومت پاکستان میں سابق سیکریٹری فنانس رہ چکے ہیں، 3 بہن بھائیوں میں شان مسعود کا دوسرا نمبر ہے۔