LIVE

بنگلادیش پریمیئر لیگ کے دوران نسیم کی اعظم خان کیساتھ چھیڑ چھاڑ، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک
February 01, 2023
 

بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے دوران قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کی وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان سے چھیڑ چھاڑ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

نسیم شاہ اپنی فاسٹ بولنگ کے علاوہ کھلاڑیوں کے ساتھ ہنسی مذاق اور مستی کی وجہ سے بھی خاصے مشہور ہیں اور اکثر لیگز کے دوران مخالف ٹیم میں شامل پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بھی کرتے رہتے ہیں۔

نسیم شاہ کی ایسی ہی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہو رہی ہے جو بنگلا دیش میں جاری پریمیئر لیگ کے ایک میچ کی ہے۔

بی پی ایل کے دوران کومیلا وکٹورینئنز کی جانب سے کھیلتے ہوئے نسیم شاہ نے اننگز کے آخری اوور میں گیند کرانے کے بعد وکٹ پر بیٹنگ کرتے کھلنا ٹائیگرز کے بھاری بھرکم بیٹر اعظم خان کی جانب بڑھے اور ان سے اپنا سینہ ٹکرایا۔

اعظم خان نے نسیم شاہ کو ہاتھ سے دھکا دیکر پیچھے کیا اور ٹیل اینڈ پر موجود ساتھی بیٹر کی جانب سے بڑھے تو نسیم شاہ ان کے پیچھے ان کی نقل اتارنے لگے۔

سوشل میڈیا پر نسیم شاہ کی یہ ویڈیو بہت زیادہ مقبول ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔