LIVE

وزیراعظم نے مردم شماری سے متعلق ایم کیو ایم کے تمام مطالبات منظور کرلیے

ویب ڈیسک
March 01, 2023
 

ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے پیپلزپارٹی سے کیے گئے معاہدے پر اب تک عملدرآمد نہ ہونے کا شکوہ کیا: ذرائع— فوٹو: فائل 

وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے درمیان کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے کنوینر ایم کیوایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق متحدہ کے وفد میں سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال، رؤف صدیقی اور صادق افتخار بھی شامل تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے پیپلزپارٹی سے کیے گئے معاہدے پر اب تک عملدرآمد نہ ہونے کا شکوہ کیا جبکہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے یقین دہانی کرانے کے باوجود سندھ حکومت کی جانب سے کوئی پیش رفت نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں متحدہ رہنماؤں کی جانب سے ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے آن لائن رجسٹریشن کے دنوں میں اضافے کے مطالبے کو تسلیم کیا گیا، ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان نے خانہ شماری جو تین روز تک ہونی ہے اس میں بھی 10 دن کے اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔

ملاقات میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کے صدر دروازے کے بجائے ہر فلیٹ پر م اور ش لکھنے کا مطالبہ کیا جو کہ منظور کرلیا گیا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم نے مردم شماری کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کے تمام مطالبات پر اتفاق کرتے ہوئے ان کی منظوری دے دی ہے۔